ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سعودی عربیہ میں المناک سڑک حادثہ؛ تین بچوں سمیت کیرالہ کے ایک ہی خاندان کے پانچ لوگوں کی موت

سعودی عربیہ میں المناک سڑک حادثہ؛ تین بچوں سمیت کیرالہ کے ایک ہی خاندان کے پانچ لوگوں کی موت

Sun, 05 Dec 2021 00:07:09    S.O. News Service

دبئی 4 دسمبر (ایس او نیوز): سعودی عربیہ میں پیش آئے ایک اندوہناک سڑک حادثہ میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں تین معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ سعودی عربیہ کے بیشا نامی مقام پر جمعہ کی شب کو پیش آیا جب ان کی کار کو دوسری ایک کار نے تیز رفتاری کے ساتھ ٹکر ماردی۔ 

ذرائع کے مطابق سعودی کے الجبیل نامی شہر میں ایک کمپنی میں ملازمت کرنے والے محمد جابر (48) کو کمپنی نے جیزان نامی شہر میں واقع ان کی دوسری شاخ میں ٹرانسفر کیا تھا جس کی بناء پر جابر اپنی اہلیہ شبانہ (36) اور تین معصوم بچوں لیبہ، سہا اور لطفی کو ساتھ لے کر جیزان کے سفر پر روانہ ہوئے تھے کہ ان کی کار کو دوسری ایک سواری نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ ان لوگوں کا تعلق کیرالہ کے ضلع کوذی کوڈ کے بیپورے سے تھا۔ پتہ چلا ہے کہ ایک ہی خاندان کے یہ پانچوں لوگ ایک کار پر سوار تھے جبکہ گھر کا سامان ایک لاری پر لاد کر جیزان لے جایا جارہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی کے ایک شہری کی ایک تیز رفتار کار نے ان کی کار کو ٹکر دی۔ تمام نعشوں کو الرائین اسپتال کے مردہ خانہ میں منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حادثے کا پتہ اس وقت چلا جب جابر اور اسکی فیملی جیزان کے لئے نکلنے کے بعد گھر والوں نے یہ جاننے کے لئے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی کہ وہ اب کہاں پہنچ چکے ہیں۔ جس کے دوران شاکنگ نیوز ملی کہ ان کی کار حادثہ کا شکار ہوئی ہے اور پانچوں کی موت واقع ہوچکی ہے۔

کیرالہ کے سماجی کارکنوں نے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی انڈین ایمباسی سے رابطہ کرتے ہوئے تمام نعشوں کو انڈیا (کیرالہ) روانہ کرنے کی درخواست کی ہے اور اس تعلق سے  کاروائی کی جارہی ہے۔


Share: